اسلام آباد اور راولپنڈی میں علی الصبح ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح انتہائی بلند ہوگئی، گولڑہ کے قریب ای الیون میں 113 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے 21 فٹ تک پہنچ گئی جبکہ گوالمنڈی میں پانی کی سطح ساڑھے 17 فٹ ریکارڈ کی گئی،صورتحال کے پیش نظر وارننگ پوسٹس پر سائرن بجا دیے گئے اور نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ندی نالوں کو عبور کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے گوالمنڈی اور کٹاریاں کے علاقوں میں شہریوں کے انخلا کا عمل شروع کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے،وفاقی دارالحکومت میں آج دن بھر مطلع جزوی ابرآلود رہنے اور بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ شہر کا صبح کے اوقات میں درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا جبکہ تقریباً 9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں بھی دن کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔ دوسری جانب لاہور میں موسم گرم ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 اور کم سے کم 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد جبکہ ہواؤں کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، محکمہ موسمیات نے لاہور میں آج بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ کراچی میں مطلع جزوی ابرآلود اور موسم مرطوب ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بوندا باندی کا امکان ہے، کراچی کا موجودہ اور کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
کراچی میں جنوب مغرب سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا فضائی معیار تسلی بخش ہے اور ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 100 پارٹیکیولیٹ میٹرز سے کم ریکارڈ کی گئی ہے۔

Comments
Post a Comment