عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان تک پہنچنے لگے

عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان تک پہنچنے لگے

عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے اثرات پاکستان تک پہنچنے لگے ہیں، جس کے نتیجے میں آئندہ قیمتوں کے جائزے میں عوام کو نمایاں ریلیف ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق عالمی سطح پر ڈیزل کی قیمت 136.46 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 124.20 ڈالر فی بیرل تک آ گئی ہے، جبکہ پیٹرول کی قیمت بھی 110.37 ڈالر سے گر کر 105.92 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کے باعث پاکستان میں فی لیٹر ڈیزل 33 روپے 50 پیسے تک سستا ہونے کا امکان ہے، اسی طرح ہفتہ وار اوسط قیمت 378.78 روپے سے کم ہو کر 345.28 روپے فی لیٹر تک آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پیٹرول کی عالمی قیمت میں تقریباً 4 ڈالر 50 سینٹ فی بیرل کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں مقامی سطح پر فی لیٹر پیٹرول 21 روپے 38 پیسے تک سستا ہونے کا امکان ہے۔ تخمینوں کے مطابق پیٹرول کی اوسط قیمت 373.78 روپے سے کم ہو کر 325.40 روپے فی لیٹر تک آ سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ حتمی ریلیف کا انحصار حکومت کی جانب سے لیوی، ٹیکسز اور دیگر مالیاتی فیصلوں پر ہوگا، تاہم عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی نے عوام کے لیے بڑے ریلیف کی امید پیدا کر دی ہے۔

Comments